اسلام آباد(صباح نیوز)
کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)اور موبائل فون آپریٹروں(سی ایم اوز)کی جانب سے کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے ملک بھر میں صارفین کو آگاہی ایس ایم ایس بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر میں موبائل فون استعمال کنندگان کو 19 مارچ 2020 سے اب تک اردو، انگریزی اور علاقائی زبانوں میں ایک ارب دو کروڑ پچاسی لاکھ (1028.5ملین)پیغامات بھیجے جا چکے ہیں۔اردو اور انگریزی میں آگاہی کے ایس ایم ایس بیرون ملک سے آنے والے مسافروں اور دوران سفر کورونا وائرس کے مریضوں سے رابطے میں آنے والے افراد کو بھی بھیجے گئے۔ 19 مارچ 2020 سے اب تک ایسے 5لاکھ اسی ہزار(0.58 ملین)سے زائدپیغامات بھیجے جاچکے ہیں۔ اسی طرح 13کروڑ 17لاکھ (131.7 ملین)یعنی 79.4فیصدصارفین کے موبائل فونز پر کورونا آگاہی رنگ بیک ٹون (آر بی ٹی) کا آغاز کیا گیا ہے۔ پی ٹی اے آن لائن تعلیم کی سہولت اور فروغ کے لئے ہایئر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)کے ساتھ مشترکہ طور پر بھی کام کر رہا ہے۔ طلبا کوفاصلاتی تعلیم اور آن لائن کلاسوں کی سہولیات کی فراہمی کے لئے تعلیمی بنڈل کے اجرا کے حوالے سے پی ٹی اے، ایچ ای سی اور موبائل آپریٹروں کے مابین مختلف اجلاس منعقد ہو چکے ہیں۔ مزید یہ کہ پاکستان میں کوویڈ 19 کے پیش نظر، موبائل آپریٹرز پہلے ہی رعایتی بنڈل اور پیکیج متعارف کروا چکے ہیں۔ تمام موبائل فون آپریٹروں نے لوگوں کو گھر پر رہنے اور کام کرنے میں آسانی فراہم کرنے کے لئے نئے پیکجز /آفرز(اضافی ڈیٹا اور آن نیٹ وائس منٹس)متعارف کر ا دئیے ہیں ۔تفصیلات آپریٹرز اور پی ٹی اے ویب سائٹ پر دستیاب ہیں)۔ ٹیلی اسکول جو کہ طلبا کے لئے پاکستان کا پہلا تعلیمی چینل(پاکستان ٹیلی ویژن لمیٹڈ اور وزارت تعلیم کا مشترکہ پروجیکٹ) ہے کے حوالے سے آگاہی کے لئے 9کروڑ 31 لاکھ 50 ہزار (93.15ملین)ایس ایم ایس بھیجے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ تعلیمی اداروں، کال سنٹرز وغیرہ کی سہولت کے پیش نظر19 مارچ 2020 سے اب تک120 آئی پیزوائٹ لسٹ کر دی گئیں ہیں۔ اس دوران پی ٹی اے کی جانب سے کرونا وائرس پر قابو پانے کے لئے کام کرنے والے سرکاری اداروں کو 14 مختلف شارٹ کوڈ زاور 6 یو این (ٹول فری) نمبر بھی دئیے گئے ہیں۔پی ٹی اے نے موبائل صارفین سے وزیر اعظم ریلیف فنڈ 2020 برائے عالمی وبا کووڈ- 19 میں عطیات جمع کر نے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے ہیں۔ صارفین کو14کروڑ 20 لاکھ 80 ہزار (142.08 ملین)ایس ایم ایس بھیجے گئے ہیں تاکہ اس نیک مقصد میں حصہ لیا جا ئے۔ موبائل صارفین 6677پر ایس ایم ایس بھیج کر 20روپے عطیہ کر سکتے ہیں۔