بینک الفلاح کامحفوظ آن لائن عطیات کے پورٹل کی فراہمی کے لئے ماسٹر کارڈ اور نیشنل بینک آف پاکستان کے ساتھ اشتراک
کراچی(صباح نیوز)کورونا وائرس کے باعث موجودہ بحران کے دوران پاکستانی حکومت کو تعاون کی فراہمی کے مستحکم عزم کے ساتھ بینک الفلاح نے اس عالمی وبا کے دوران ضرورت مندوں کے لئے محفوظ آن لائن عطیات کے پورٹل کی فراہمی کے لئے ماسٹر کارڈ اور نیشنل بینک آف پاکستان کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے لوگ اب بحفاظت وزیر اعظم عمران خان کے کورونا ریلیف فنڈ 2020 کے لئے دنیا بھر میں کسی بھی مقام سے اپنے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے استعمال سے عطیات جمع کراسکتے ہیں۔” ماسٹرکارڈ کے کنٹری منیجر مصر و پاکستان میگدی حسن نے کہا، “صف اول کی گلوبل پیمنٹس کی سہولت فراہم کرنے والوں کے طور پر ہم ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں تاکہ اس مشکل گھڑی میں لوگوں کی مدد کی جائے۔ اسی وجہ سے ہم نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے اور اسکے اثرات کے خاتمے کے لئے حال ہی میں متعدد اہداف طے کئے ہیں جن میں سال 2025 تک ڈیجیٹل معیشت کی رسائی ایک ارب افراد تک پہنچانے کا عزم بھی شامل ہے۔ ہم بینک الفلاح اور این بی پی کے ساتھ شراکت دار بننے پر خوش ہیں جس سے نہ صرف عطیات کے پلیٹ فارم پر ادائیگیاں کی جاسکیں گی بلکہ پاکستان میں ڈیجیٹیل ادائیگیوں کا ماحول بھی بہتر ہوگا اور لوگ ضرورت کے وقت عطیات کے لئے اپنا کارڈ استعمال کرسکیں گے۔ “اس اشتراک پر اظہار خیال کرتے ہوئے این بی پی کے ہیڈ آف ٹیکنالوجی اینڈ ڈیجیٹلائزیشن امین مانجی نے کہا، “نیشنل بینک آف پاکستان قومی بینک ہے اور اس نے ہمیشہ حکومتی اقدامات پر عمل درآمد میں پیش قدمی کی ہے جس میں خاص طور پر پسماندہ طبقوں کی سماجی دیکھ بھال شامل ہے۔ این بی پی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ویژن پر کام کرتا ہے تاکہ ڈیجیٹل مالیاتی ماحول میں تیزرفتاری اور آسانی سے رسائی پیدا کی جائے اور اسکی مسلسل پیش قدمی کو یقینی بنایا جارہا ہے جس میں ہم اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ این بی پی نے دنیا بھر سے عطیات کی بلاتعطل وصولی میں سہولت کے لئے بینک الفلاح اور ماسٹرکارڈ کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فراخدلی سے وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کرائیں تاکہ اس عالمی وبا کے باعث متاثرہ مستحق افراد کو مدد فراہم کی جاسکے۔”رواں سال وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ متعارف کرایا گیا ہے ، یہ فنڈ ضرورت مند 14 ملین افراد میں خوراک اور نقدی کی فراہمی کے لئے استعمال ہونا ہے جو اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔ جب تک اس وبا کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ، اس فنڈ میں عطیات دینے کا آپشن برقرار رہے گا۔