کورونا کیخلاف مشترکہ اور مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی،وزیراعظم عمران خان

کورونا کیخلاف مشترکہ اور مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں آئندہ دو ماہ کے دوران کورونا وبا سے لڑنے کے لیے قوم بن کر مشترکہ اور مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا، اس موقع پر وفاقی وزرا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

 

وزیر اعظم کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور میجر جنرل آصف محمود گورایا نے کورونا وبا کے پھیلاؤ، وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات، احتیاطی تدابیر کے نفاذ، فیصلوں پر عملدرآمد، ہسپتالوں پر مریضوں کے دباؤ، اموت اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔

 

وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کورونا وبا کے خلاف متوازن حکمت عملی اپنائی۔ اس کے باوجود ہر ایک کو بہت احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آئندہ دو ماہ کے دوران وبا سے لڑنے کے لیے قوم بن کر مشترکہ اور مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ ہمارے اقدامات سے پتا چلے کہ بحران کنٹرول میں ہے۔ ہمیں اتفاق رائے سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں قابل فخر کام انجام دے رہے ہیں۔ پوری قوم کو ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔ میڈیا نے بھی اب تک ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ سنسنی خیزی پھیلانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔

 

انہوں نے ہدایت دی کہ ہماری تمام تر توجہ اور کوششں وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے ہونی چاہیے۔ ہسپتالوں میں ادویات اور آکسیجن بیڈز کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ قوم متحد ہو کر اس غیرمعمولی چیلنج کا مقابلہ کرے۔ معمر اور بیمار افراد خاص طور پر عارضہ قلب اور ذیابیطس کے مریضوں کو وبا سے بچایا جائے۔