کورونا وائرس: سندھ میں ریکارڈ 74 اموات،  ملک میں  اموات 4 ہزار 241 تک پہنچ گئی

کورونا وائرس: سندھ میں ریکارڈ 74 اموات،  ملک میں  اموات 4 ہزار 241 تک پہنچ گئی

کورونا وائرس کے  متاثرین 2 لاکھ 8 ہزار سے زائد ہوگئے

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 783 لوگ اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے

4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 92 ہزار 624 سے بڑھ کر 95 ہزار 407 ہوگئی

اسلام آباد(صباح نیوز)ملک میں پیر کوسامنے آنے والے کورونا کے نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 8 ہزار 51 جبکہ اموات 4 ہزار 241 تک پہنچ گئی ہیں۔پیر کی شام تک کورونا وائرس کے 2404 نئے کیسز اور 87 اموات رپورٹ ہوئیں اسی طرح مزید 2 ہزار 783 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پہلے دو کیسز ایک ہی دن یعنی 26 فروری کو کراچی اور گلگت بلستان میں سامنے آئے تھے اور 4 ماہ کے عرصے کے بعد پاکستان کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں 12ویں نمبر پر ہے۔تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی۔اگرچہ پاکستان میں اس وائرس کا پھیلا لگائے گئے اندازوں کے مطابق نہیں ہے تاہم اس کے باوجود کیسز اور اموات کی تعداد باعث تشویش ہیں۔ملک میں پہلے کیس کے بعد سے 31 مارچ تک متاثرہ افراد کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار کے قریب تھی جبکہ 26 اس بیماری کے باعث لقمہ اجل بنے تھے تاہم اپریل میں کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ میں یہ ساڑھے 16 ہزار کے مجموعی ہندسے کو عبور کرگئے جبکہ اموات 385 تک جاپہنچیں۔مئی کا مہینہ صورتحال میں یکسر تبدیلی کا باعث بنا اور مہینے کے آخر تک کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔جس کے بعد جون کے مہینے میں کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا گیا اور ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار سے زائد تک جا پہنچی تھی۔ پیر کوبھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا جبکہ بڑی تعداد میں مریض صحتیاب ہوگئے۔ پیرکو صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1539 مریضوں اور 74 اموات کی تصدیق ہوئی۔اس حوالے سے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کے ایک ہزار 539 کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے میں وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 81 ہزار 985 ہوگئی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس سے ریکارڈ 74 مریضوں کے انتقال کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد ایک ہزار 343 ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں اس وقت 35 ہزا 26 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 33 ہزار 482 گھروں میں جبکہ 88 مریض آئسولیشن سینٹرز میں زیرعلاج ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت 660 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 92 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔صوبہ پنجاب میں حیرت انگیز طور پر گزشتہ روز کے اعدادو شمار کے مقابلے میں نصف سے کم یعنی 576 کورونا کیسز اور 8 اموات رپورٹ ہوئیں۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 74 ہزار 778 ہوگئی۔اس کے علاوہ صوبے میں مزید 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں اب تک 1681 مریض اس وبا کے سبب لقمہ اجل بنے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 248 افراد کو متاثر کیا جبکہ 5 افراد کی جان لے لی۔اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثر ہونے والے ان افراد کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 12 ہزار 643 تک پہنچ گئی۔علاوہ ازیں وہاں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اموات کی مجموعی تعداد 122 سے بڑھ کر 127 ہوگئی۔گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 19 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 1423 سے بڑھ کر 1442 ہوگئی۔خوش قسمتی سے علاقے میں کورونا وائرس کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ادھر آزاد کشمیر میں مزید 22 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔جس کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 27 سے بڑھ کر ایک ہزار 49 ہوگئی۔تاہم جس طرح ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آرہے ہیں اسی طرح صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 783 لوگ اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔اس طرح پاکستان میں ان 4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 92 ہزار 624 سے بڑھ کر 95 ہزار 407 ہوگئی۔ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 81 ہزار 985 ہیں تو وہیں پنجاب میں 74 ہزار 778 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 25 ہزار 778 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 376 ہے۔علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ہزار 643، گلگت بلتستان میں 1442 اور آزاد کشمیر 1049 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

#/S