میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلہ ٹیسٹ کیلیے میرٹ پالیسی کا اعلان
انٹری ٹیسٹ کے 50 فیصد، ایف ایس سی کے 40 فیصد اورمیٹرک کے 10 فیصد نمبرزشامل کیے جائیں گے
ایف ایس سی یا اس کے مساوی میں کم سے کم 65 فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ انٹری ٹیسٹ میں شرکت کے اہل ہو سکیں گے،ترجمان پی ایم اینڈ ڈی سی
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل(پی ایم اینڈ ڈی سی)نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلہ ٹیسٹ کے لیے میرٹ پالیسی کا اعلان کردیا ہے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی نے 15 ستمبر سے 25 اکتوبر کے درمیان سیشن 2020-21 کے لیے انٹری ٹیسٹ منعقد کرنے کی اجازت دی ہے۔پی ایم اینڈ ڈی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امتحانات کورونا وائرس کی وجہ سے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز اور پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ہر سال انٹری ٹیسٹ میں دو لاکھ 50 ہزار طلبہ شریک ہوتے ہیں۔ترجمان کے مطابق انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے طلبہ میں سے 18 ہزار کو میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔پی ایم اینڈ ڈی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انٹری ٹیسٹ کے 50 فیصد، ایف ایس سی کے 40 فیصد اورمیٹرک کے 10 فیصد نمبرزشامل کیے جائیں گے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف ایس سی یا اس کے مساوی میں کم سے کم 65 فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ انٹری ٹیسٹ میں شرکت کے اہل ہو سکیں گے