فیٹف کے اہداف کا حصول ‘ منی لانڈرنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے ٹیکس حکام کو خصوصی ایکشن کی ہدایات
ایف بی آر کے خفیہ ونگ کو متحرک کر دیا گیا، انسداد منی لانڈرنگ کا خصوصی ایکشن پلان بھی تیار کر لیا گیا
منی لانڈرنگ کرنے والوں کو پانچ سے 10سال قید کی سزا ہو گی، ایف بی آر ذرائع
اسلام آباد (ویب ڈیسک )فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(فیٹف)کے اہداف کے حصول میں تیزی لاتے ہوئے منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے ٹیکس حکام کو خصوصی ایکشن کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ایف بی آر کے خفیہ ونگ کو متحرک کر دیا گیاہے۔ انسداد منی لانڈرنگ کا خصوصی ایکشن پلان بھی تیار کر لیا گیاہے۔ملک بھر میں منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ منی لانڈرنگ کرنے والوں کو پانچ سے 10سال قید کی سزا ہو گی۔ ایف بی آر حکام کو ہدایات دی گئی ہیں کہ منی لانڈرنگ کے خلاف بھر پور کاروائیاں کی جائیں اور انکم ٹیکس اور کسٹمز کے متعلقہ حکام اپنے اپنے علاقوں میں اپنی اپنی حدود کے اندر رہتے ہوئے منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات کریں گے ۔ کسٹمز حکام ایئرپورٹس اور ڈرائی پورٹس پر متحرک ہوں گے جبکہ انکم ٹیکس کا انٹیلیجنس ونگ بینکوں اور دیگر ذرائع سے ہونے والی منی لانڈرنگ کے معاملہ کو دیکھے گا۔ منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان کو پانچ سے 10سال قید کی سزا ہو گی جبکہ جو رقم وصول کی جائے گی اس کے حساب سے جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ تمام اقدامات ایف اے ٹی ایف کے اہداف کے حصول کے لئے کئے جارہے ہیں۔