پی ایس ای بی اپنے پروگرامز میں خواتین کے تناسب کو بڑھائے، سید امین الحق
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ(پی ایس ای بی)کی مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ پی ایس ای بی اپنے تمام پروگرامز میں خواتین کے تناسب کو بڑھائے۔وفاقی وزیر آئی ٹی پاکستان سوفٹویر ایکسپورٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 44 ویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس کا انعقاد جمعرات کو وزارت کے کمیٹی روم میں ہوا ۔ وفاقی سیکرٹری وزرات آئی ٹی شعیب احمد صدیقی بھی اجلاس میں موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا وزارت آئی ٹی کا ایک اہم موٹو ہے۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ تمام پراجیکٹس میں شفافیت اور فیصلے میرٹ پر ہونے چاہیے۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے آئی ٹی برآمدات کے اضافے کے حوالے سے پی ایس ای بی کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ اجلاس میں پی ایس ای بی کی ورکنگ اور آئی ٹی ایکسپورٹ کے متعلق معاملات پر بھی گفتگو ہوئی ۔اجلاس میں پی ایس ای بی کے پچھلے بورڈ میٹنگ کی کاروائی کی منظوری بھی دی گئی۔ اس سے پہلے پی ایس ای بی کے مینیجنگ ڈائریکٹر عثمان ناصر نے اجلاس کو پی ایس ای بی کے فیوچر روڈ میپ کے بارے بریفنگ دی.