اسلام آباد (ویب ڈیسک)
حکومت نے وفاقی اداروں کے کمپلینٹ سیلز کو پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی اداروں کے کمپلینٹ سیلز کو پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک کیا جارہا ہے، وزیراعظم عمران خان کی ون ونڈو کمپلینٹ سسٹم کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم آفس نے وفاقی وزارتوں کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے تمام کمپلینٹ سیلز کا ایک مرکزی نظام بنانے اور مختلف شکایتی سیلز کے ون ونڈو آپریشن پر 60 روز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی دی ہے۔ ابتدائی طور پر وفاقی وزارتوں کے 33 شکایات سیل منسلک کیے جائیں گے۔ اس اقدام سے شکایات درج کروانے کا نظام مستحکم ہوگا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ شہریوں کی ہر قسم کی شکایات میرٹ پر حل کی جائیں گی،عوام کے مشکلات اور شکایات کو حل کرنے کے لیے موثر نظام کی تشکیل میں مددگار ہوگا۔ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے شہریوں کو ان کی شکایات کے حل سے متعلق آگاہی میسر ہو گی، جب کہ وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام موثر ثابت ہو گا۔