روز ویلٹ ہوٹل اور اسٹیل ملز سمیت 19ادارے نجکاری کی فہرست سینیٹ میں پیش
سینیٹ میں نجکاری کی فہرست پیش کیے جانے پر اپوزیشن نے ایوان میں شیم شیم کے نعرے لگائے
حکومت کہتی تھی کہ روز ویلٹ ہوٹل نجکاری کی فہرست میں شامل نہیں، سینیٹر مشتاق
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزارت خزانہ نے نجکاری کی فہرست میں شامل 19اداروں کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردی ۔جمعہ کو سینیٹ میں پیش کی گئی نجکاری فہرست میں نیو یارک میں پی آئی اے کی ملکیت ہوٹل روز ویلٹ بھی شامل ہے۔فہرست کے مطابق بلوکی پاورپلانٹ، حویلی بہادرشاہ پلانٹ، ایس ایم ای بینک، فرسٹ ویمن بینک، سروسز انٹرنیشنل ہوٹل، جناح کنونشن سینٹر اور ماڑی پیٹرولیم کو بھی نجکاری کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پاکستان اسٹیل ملز، پاکستان انجینئرنگ کمپنی، سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ، ہاس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، او جی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، گدو پاور پلانٹ، نندی پور پاور پلانٹ اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کو بھی نجکاری کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔سینیٹ میں نجکاری کی فہرست پیش کیے جانے پر اپوزیشن نے ایوان میں شیم شیم کے نعرے لگائے۔سینیٹر مشتاق نے کہا کہ حکومت کہتی تھی کہ روز ویلٹ ہوٹل نجکاری کی فہرست میں شامل نہیں، اب اس فہرست میں بتایا گیا ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری فہرست میں شامل ہے۔