روس سے مزید 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ..امدادی قیمت 1600 روپے فی من مقرر
admin
ای سی سی کا روس سے مزید 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت میں 200 روپے اضافے کی منظوری ، امدادی قیمت 1600 روپے فی من مقرر
اسلا م آباد(ویب ڈیسک )اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے گندم کی امدادی قیمت میں اضافے اور روس سے حکومتی سطح پر 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت میں 200 روپے اضافے کی منظوری دی گئی جس کے بعد گندم کی امدادی قیمت 1600 روپے فی من مقرر کر دی گئی۔خیال رہے کہ اس سال گندم کی امدادی قیمت 1400 روپے مقرر کی گئی تھی۔اجلاس میں وزارت فوڈ سیکیورٹی کی درخواست پرگندم کی درآمد کا حجم 15 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھاکر 18 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی منظوری دی گئی۔ای سی سی میں روس سے حکومتی سطح پر 3 لاکھ ٹن گندم کی درآمد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی نے روس سے ایک لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت نے زرعی ملک ہونے کے باوجود گندم کی قلت پر فوری طور پر 15 لاکھ ٹن گندم درآمد کی اجازت دی تھی،اجلاس کے شرکا کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2010 کے بعد سے اب تک 4 مرتبہ گندم کی امدادی قیمت پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ای سی سی اعلامیے کے مطابق اس موقع پر پاور ڈویژن کے 50 فیصد ٹیرف سبسڈی فرق کے اجرا کی بھی منظوری دے دی گئی۔اعلامیے کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ پاور ڈویژن کو دیے جانے والے 65 ارب 80 کروڑ روپے بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو دیے جائیں گے۔اس موقع پر صنعتوں کو اضافی بجلی 12 اعشاریہ 96 روپے فی یونٹ پر فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس کے شرکا کو ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ڈی سی پی)نے گندم کی درآمد پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ جنوری 2021 تک ادارہ 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرلے گا۔ای سی سی اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزارتِ فوڈ سیکیورٹی کی درخواست پر گندم کی درآمد کا حجم 15 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھا کر 18 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق روس سے حکومتی سطح پر 3 لاکھ ٹن گندم کی درآمد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی وزارتِ فوڈ کی روس سے مزید 3 لاکھ 20 ہزار ٹن گندم درآمد کی تجویز کی توثیق کی گئی۔