اسلام آباد (ویب ڈیسک)
بیرون ملک مقیم ہنرمند پاکستانی ویب پیج پر ایک مختص کردہ پورٹل پر خود کو رجسٹر کراسکیں گے
وزارت امور خارجہ نے آج سائنس ڈپلومیسی ویب پیج کا آغاز کردیا ۔ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے تقریب کی صدارت کی اور ویب پیج کا باقاعدہ اجرا کیا ۔ یہ اقدام وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ویژن فارن آفس کے تحت کیاگیا ۔ویب پیج سائنس، ٹیکنالوجی اور تخلیق (ایس۔ٹی۔آئی)کے حوالے سے پاکستان سے متعلق معلومات کا ایک بنیادی اور موثر ذریعہ ثابت ہوگا جبکہ اس کے ذریعے پاکستان کی سائنس اور ٹیکنالوجی مصنوعات کے علاوہ متعلقہ اداروں کا تعارف اور ان کی خدمات کو دنیا کے سامنے لانے میں بھی بڑی مدد ملے گی۔سائنس، ٹیکنالوجی اور تخلیقی صلاحیت رکھنے والے بیرون ملک مقیم ہنرمند پاکستانی ویب پیج پر ایک مختص کردہ پورٹل پر خود کو رجسٹر کراسکیں گے جس کی مدد سے ڈائسپوراآوٹ ریچ ریسرچ اینڈ انووویشن نیٹ ورک تیارکرنے میں مدد ملے گی۔ بیرون ملک مقیم ایسے تمام پاکستانی ہنر مندوں کا تحقیقی محور قائم ہونے سے وزارت خارجہ خاص طورپر بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں اور عالمی سطح پر سائنسی برادری سے رابطے استوار ہوں گے۔ یہ پورٹل دنیابھر میں پاکستانی باصلاحیت برادری کی شناخت کا باعث ہوگا۔ ان تمام باصلاحیت پاکستانیوں کی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں کامیابیوںکی پذیرائی کی جائے گی۔ویب پیج کے اجراکے موقع پر وزارت خارجہ کے سائنس ڈپلومیسی ڈویژن نے نئے ایکشن پلان کا بھی اجراکیا۔ ایکشن پلان میں پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق موضوعات، سفارت کاری سے متعلق اداروں اور پلیٹ فارمز، ممالک کے لحاظ سے ان کے ساتھ تعاون اور اشتراک عمل پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ایکشن پلان کا مقصد ان اہداف کے حصول کے لئے اشتراک عمل پیدا کرنا اور تعاون کی راہیں کھولنا ہے۔دنیا میں سائنس اور ٹیکنالوجی سے مسائل کے حل اور پائیدار ترقی کے اہداف (ایس۔ڈی۔جیز)کے حصول میں ان کے معاون کردار کا اعتراف کرتے ہوئے وزارت خارجہ نے 2018میں سائنس ڈپلومیسی کا اقدام اٹھایاتھا۔