لاہور (ویب ڈیسک )
پی ایس ایل 5کے فائنل میچ نے موبائل فون کمپنیوں کی صلاحیت کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے اس روز پورے ملک میں 4جی کا نیٹ ورک بری طرح ٹھس ہو کر رہ گیا۔ خاص طور پر موبی لنک اور زونگ 4جی کا انٹرنیٹ اور وائس سروس نے موبائل فون صارفین کو سخت مایوس کیا۔ پی ایس ایل فائیو فائنل کرکٹ کے شیدائیوں نے گھر، دفاتر اور کارخانوں اور فیکٹریوں میں دیکھا ٹیلی ویژن کی سروس نہ ہونے پر موبائل فون صارفین نے اپنے اپنے موبائل فون پر دیکھنا چاہا لیکن انہیں سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا فورجی انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیاں صارفین کی ضرورت کے وقت وہ سروس فراہم نہ کر سکیں جس کا ہر لمحہ دعویٰ کیا جاتا رہا ہے اس کی بڑی وجہ نیٹ ورک میں صارفین کی تعداد کے مطابق توسیع نہ ہونا ہے بڑے شہروں میں صارفین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے لیکن موبائل فون ٹاورز میں ضرورت کے مطابق اضافہ نہیں ہو رہا ہے۔اور نہ ہی بیس اسٹیشن میں گنجائش کو بڑھایا گیا۔ درمیانے درجے کے شہروں میں فورجی انٹرنیٹ نہیں دیا جا رہا ہے بلکہ ٹوجی سے ٹر خایا جا رہا ہے۔ پی ایس ایل 5کے قائنل میچ کے روز جب موبائل انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا تو موبائل فون کمپنیوں کا نیٹ ورک کا دامن سکڑ کر رہ گیا جس کی وجہ سے موبائل فون صارفین کو وہ سروس نہ مل سکی جس کی توقع کی جا رہی تھی بلکہ موبائل فون کمپنیوں کے بلند بانگ دعوے ٹھس ہو کر رہ گئے اس سلسلہ میں پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کو بھرپور اور متحرک کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ اتھارٹی موبائل فون سیکٹر کے مفادات کی اگر نگراں ہے تو وہ صارفین کے حقوق کی بھی محافظ ہے۔ کیا اتھارٹی اپنا کردار ادا کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اس کی بڑی مثال صرف لاہور کی حد تک دی جا سکتی ہے۔ پورے لاہور میں موبائل فون کی سروس کا معیار یکساں نہیں ہے بعض علاقوں میں موبی لنک، وارد، زونگ کی سروس انتہائی مایوس کن ہے چند علاقوں میں موبائل فون پر فورجی کا لوگو نظر آ رہا ہوتا ہے جب کہ بہت سے علاقوں میں یہ لوگو بھی غائب ہو جاتا ہے۔ ٹیلی کام اتھارٹی کو صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہو گا کیونکہ ٹیلی کام اتھارٹی اور موبائل فون سیکٹر کا اصل اثاثہ صارفین ہیں جن سے حاصل ہونے والی آمدنی سے سیکٹر چل رہا ہے۔