کراچی :اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی تیزی کا رجحان برقرار
کے ایس ای100انڈیکس 1400پوائنٹس بڑھ گیا ۔42200پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا
کراچی(ویب ڈیسک )پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 1400پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 41ہزاراور42ہزار پوائنٹس کی 2بالائی حدعبور کر تا ہوا42200پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا ،تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 210ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب روپے سے بڑھ کر77کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ،کاروباری تیزی کے سبب 59فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔اس طڑح گذشتہ دو ہفتوں میں انڈیکس2ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 321ارب روپے کا اضافہ ہو چکا ہے ۔گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل پانچوں دن تیزی کا رجحان غالب رہا جس کی وجہ سے مارکیٹ مستحکم انداز میں بلندیوں کی جانب گامزن رہی۔اسٹاک ماہرین کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے مکمل طور پر لاک ڈائون نہ کرنے کے اعلان ،آنیوالے دنو ں میں افراط زر کی شرح میں بہتری کے امکانات ،کرنٹ اکائونٹ خسارہ سرپلس ہونے کی امید پر مختلف شعبوں میں خریداری بڑھنے سے ،جولائی سے نومبر کے دوران مقررہ ہدف سے16ارب روپے سے زائد کی وصولیوں،نومبر میں ملکی برآمدات 7.2فیصد اضافہ ،اقتصادی افق پر مثبت خبروں اور خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے جیسے عوام پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تسلسل کیساتھ تیزی کی وجوہات بتائی جاتی ہیں ۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں1399.91پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور کے ایس ای 100انڈیکس 40807.09پوائنٹس سے بڑھ کر42207.00پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس522.68پوائنٹس کے اضافے سے17294.79پوائنٹس سے بڑھ کر17682.50پوائنٹس پر جا پہنچاجبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس28719.60پوائنٹس سے بڑھ کر29549.41پوائنٹس ہو گیا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 2کھرب10ارب 31کروڑ1لاکھ15ہزار108روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب19ارب25کروڑ85لاکھ57ہزار787روپے سے بڑھ کر 77کھرب29ارب56کروڑ86لاکھ72ہزار895روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 42410.20پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی لہرآنے سے انڈیکس ایک موقع پر 40669.49پوائنٹس کی کم ترین سطح پر دیکھا گیا تھا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ20ارب روپے مالیت کی 47کروڑ68لاکھ71ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم14ارب روپے مالیت کے38کروڑ85لاکھ54ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر1973کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 1158کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،697میں کمی اور118کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے ہم نیٹ ورک ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،پاک ریفائنری ،کے الیکٹرک لمیٹڈ ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،فوجی بن قاسم ،جہانگیر صدیق کمپنی ،میپل لیف ،فوجی فرٹیلائزر بن قاسم ،حیسکول پیٹرول ،فوجی فوڈز لمیٹڈ ،پاک الیکٹرون ،لوٹے کیمیکل ،پاک انٹر نیشنل بلک ،عائشہ اسٹیل مل ،پی ٹی سی ایل اورآغا اسٹیل انڈسٹریز سر فہرست رہے۔
#/S