اسلام آباد(ویب ڈیسک )بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی طرف سے سال 2020کے پہلے 9ماہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریجنز، زونز اور برانچزکو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔گزشتہ روز یہاں بینک کے تاریخ ساز کاروباری نتائج میں نمایاں کردار ادا کرنے والے عملے کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقدکی گئی۔تقریب کی صدارت بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرجناب خاور سعید نے کی۔اس موقع پر انھوں نے رواں سال کے پہلے 9ماہ میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہونا چاہیئے کہ ہمیں آزاد کشمیر کے واحد سرکاری بینک میں خدمات سرانجام دینے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی میں ہماری ٹیم نے یہ ثابت کر دیا کہ ضابطہ کار کے تحت ٹیم ورک، لگن وخلوص، محنت وجانفشانی کے ساتھ کام کرنے سے کم از کم وقت میں بھی بہترین کاروباری نتائج کا حصول ممکن ہوسکتاہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے کشمیر بینک کی شہرت و نیک نامی اور اندرونی کنٹرول کو مضبوط بنانے کی جانب بھی تیزی سے پیش رفت کی ہے کیوں کہ معززصارفین کے لئے معیاری خدمات کی فراہمی ہمارا مشن اور نصب العین ہے۔بینک صدر نے توقع ظاہر کی کہ بینک عملے کا ہر فرد بہترین نتائج کے لئے مزید محنت اور لگن سے پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دے گاتا کہ دسمبر کے کاروباری نتائج بھی تاریخ ساز ہوں۔تقریب کے آخر پرانھوں نے منافع کمانے، ڈیپازٹس میں اضافہ اور محفوظ قرضہ جات کی فراہمی میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریجنل چیف، زونل چیفس اور برانچ منیجرز میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے۔