مقبوضہ کشمیر: مُردوں کو گھروں میں ہی دفنایا جارہا ہے
جے پور ،6نومبر (ساؤتھ ایشین وائر):
ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں ‘ویمن انڈیا مومنٹ’ کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کی گئی۔ اس کا مقصد کشمیر کے حالات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
پریس کانفرنس میں ویمن انڈیا مومنٹ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ‘کشمیر سے کرفیو ہٹا کر وہاں حالات بہتر کیے جائیں’۔ ساؤتھ ایشین وائرکے مطابق تنظیم کی ایک رکن نے کہا کہ ‘کشمیر میں لوگوں کو ان کے گھروں میں قید کیا گیا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ انہیں جلد سے جلد آزاد کیا جائے’۔
تنظیم کے اعلی ذمہ داروں کے مطابق ‘کشمیر کے حالات کافی خراب ہو چکے ہیں۔ وہاں تین ماہ سے کرفیو نافذ ہے جسے ابھی تک ہٹایا نہیں گیا ہے’۔تنظیم کی ایک رکن کے مطابق ‘کشمیر میں جن لوگوں کا انتقال ہو رہا ہے انہیں گھروں میں ہی دفن کیا جا رہا ہے۔ جو سبھی لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کہہ رہے تھے وہ لوگ کہاں چلے گئے؟’۔القمرآن لائن کے مطابق تنظیم کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ‘ہماری تنظیم سے منسلک کچھ لوگوں نے کشمیر کا جائزہ لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں خاص کر خواتین پر ظلم ہو رہا ہے’۔
تنظیم کی قومی صدر مہرالنسا خان نے صحافیوں سے بات چیت کے درمیان کہا کہ ‘کشمیر میں جو ہو رہا ہے میڈیا اسے نہیں دکھا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اب بھی صحافی نہیں جاگے تو آنے والے وقت میں وہ اپنے بچوں کو منہ دکھانے لائق نہیں رہیں گے۔
خان کا کہنا تھا کہ ‘کشمیر میں بچیاں محفوظ نہیں ہیں ان کے ساتھ آرمی کے جوان زیادتی کر رہے ہیں۔ بچوں کو قید کیا جا رہا ہے لیکن پھر بھی کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی’۔ خان کا کہنا تھا کہ ‘ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ جلد سے جلد کشمیر کے حالات کو ٹھیک کیا جائے’۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔