چیرمین سینیٹ نے ایوان میں چیونگم کھانے پر سینیٹرولیداقبال کوجھاڑپلادی
ایوان میں موبائل استعمال کیا تو موبائل ضبط کرلوں گا،چیرمین سینیٹ کاحکم
اسلام آباد(صباح نیوز)چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان میں چیونگم کھانے پر سینیٹرولیداقبال کوجھاڑپلادی،ایوان میں موبائل استعمال پر موبائل ضبط کرلوں گا۔جمعرات کوسینیٹ کااجلاس چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔اجلاس شروع ہواتو سینیٹرمشاہداللہ خان کی تقریر کے دوران چیرمین کی نظر سینیٹرولیداقبال پر پڑی جو چیونگم کھارہے تھے ۔چیونگم کھانے پر چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر ولید اقبال کو ہدایت کی کہ ایوان میں چیونگم کھانا منع ہے باہر جاکر اس کو پھینک کر آئیں جس پر سینیٹر ولید اقبال باہر چلے گئے اور پورے ایوان میں تالیاں بجیں۔کچھ وقت کے بعد ولید اقبال اپنی نشت پر بیٹھ گئے اور موبائل استعمال کرناشروع کردیاجس پر دوبارہ چیرمین سینیٹ نے ان کو مخاطب کیاکہ ایوان میں موبائل استعمال نہ کریں موبائل ضبط کرلوں گا اس کے کچھ وقت کے بعد سینیٹررحمان ملک نے موبائل استعمال شروع کردیاجس پر چیرمین سینیٹ نے ان کو بھی نوٹس دیتے ہوئے کہاکہ اگر ایوان میں موبائل استعمال کریں گے تو موبائل ضبط کرلوں گا۔