اوپن یونیورسٹی” ٹیلی سکولز چینل” کواکیڈمک سپورٹ فراہم کریگی ،شفقت محمود
حکومت نے انفراسٹراکچر اکیڈمک ٹیکنیکل اور پروفیشنل مہارتوںکی بنیادپر اس قومی کاز کے لئے اوپن یونیورسٹی کاانتخاب کیا
وزارت تعلیم میں ڈسٹنس لرننگ وینگ کے قیام کی منصوبہ بندی کررہا ،ہمیں اوپن یونیورسٹی کی ٹیکنیکل معاونت کی ضرورت ہوگی،اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ لاک ڈائون کے پیش نظر سکولز بند ہونے کی وجہ سے بچوں کو گھروں کے اندر تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے لئے وفاقی وزارت تعلیم نے ٹیلی سکول کے نام سے چینل کے قیام کا فائنل رائونڈمکمل کرلیا وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے انفراسٹراکچر اکیڈمک ٹیکنیکل اور پروفیشنل مہارتوں کی بنیادپر اس قومی کاز کے لئے اوپن یونیورسٹی کاانتخاب کیا ہے۔ وزیرتعلیم نے ڈیجٹلائزیشن اور یونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لئے حالیہ اقدامات کو بھی سراہا۔شفقت محمودنے مدارس کے طلبہ کے لئے میٹرک ایف اے اور بی اے سطح پر اوپن یونیورسٹی کے درس نظامی پروگرامز میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت وزارت تعلیم میں ڈسٹنس لرننگ وینگ کے قیام کی منصوبہ بندی کررہا ہے جس میں ہمیں اوپن یونیورسٹی کی ٹیکنیکل معاونت کی ضرورت ہوگی۔ اِس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرضیاء القیوم نے وزیر تعلیم کو یقین دہانی کرائی کہ لاک ڈائون کی وجہ سے گھروں میں پھنسے سکولزکے بچوں کوتعلیمی سپورٹ فراہم کرنے کے لئے اوپن یونیورسٹی لیڈنگ کردار ادا کرے گی اور اس حوالے سے دستیاب تمام وسائل بروئے کارلائے گی۔ ٹیلی سکولز چینل کو اوپن یونیورسٹی سٹوڈیوز پروڈکشن ایڈیٹنگ اورٹیکنیکل معاونت فراہم کرے گی جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن )پی ٹی وی( روزانہ آٹھ گھنٹے ٹیلی سکولزچینل کے تحت تعلیمی پروگرامز ٹیلی کاسٹ کرے گا۔ اوپن یونیورسٹی کی اکیڈمک سپورٹ کے لئے سیکریٹری ایجوکیشن ڈاکٹر ساجدیوسوفانی پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم وجیہہ اکرم ٹیکنیکل ایڈوائزر عنبرین عارف اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے مابین بھی نشستیں منعقدہوئی تھیں۔ یونیورسٹی کے انٹرنیشنل کولوبریشن آفس کے انچارج ڈاکٹر زاہدمجیدنے یونیورسٹی کی پروفائل پر تفصیلی پریذنٹیشن دی۔