حج کے دوران بغیراجازت مکہ مکرمہ میں داخلے پر بھاری جرمانے کا اعلان

حج کے دوران بغیراجازت مکہ مکرمہ میں داخلے پر بھاری جرمانے کا اعلان
ریاض(ساوتھ ایشین وائر)سعودی حکام نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے خطرات کو دیکھتے ہوئے اس مرتبہ صرف 10 ہزار عازمین کرام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ ان میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فیصد ہوگی اور 30 فیصد سعودی شہری حج ادا کریں گے۔ کورونا وائرس کے پھیلا وکے پیش نظر سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے رواں برس حج کے دوران مکہ مکرمہ میں اجازت نامہ کے بغیر داخلہ پر 10 ہزار ریال کا جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی حکام نے کہا کہ اگر کوئی شخص اس دوران مکہ مکرمہ میں غیر مجاز داخلے کی پابندی کی دوبارہ خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا تو اس کو دگنا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا اور یہ رقم 20 ہزار ریالہوگی۔سعودی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس جرمانہ کا اطلاق 19 جولائی  28 ذی قعدہ سے ہوگا اور یہ ضابطہ دو اگست (12 ذی الحجہ) تک نافذ العمل رہے گا۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ سکیورٹی افسر مسجد الحرام اور دوسرے مقدس مقامات کی جانب جانے والی شاہراہوں پر فرائض انجام دیں گے اور مخصوص عرصے کے دوران میں مقدس مقامات میں داخلے کی کسی بھی کوشش کی نگرانی کریں گے، لہذا تمام شہری اور مکین اس سال حج سیزن کے لیے جاری کردہ ہدایات کی پاسداری کریں۔
سعودی عرب نے گذشتہ ماہ اس سال کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے اور یہ ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔گذشتہ سال پچیس لاکھ سے زیادہ فرزندانِ توحید نے فریض حج ادا کیا تھا۔وزارت حج وعمرہ نے وضاحت کی ہے کہ حج کے لیے درخواست گزار غیر سعودیوں کا انتخاب ایک الیکٹرانک نظام کے ذریعے بے ترتیب اٹکل پچو طریقے سے کیا جائے گا۔ اس طریقے سے جو عازمین منتخب ہوجاتے ہیں،انھیں نوٹی فکیشن کے بعد مقررہ تاریخ تک تمام درکار دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔سعودی حکام نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اس مرتبہ صرف 10 ہزار عازمین کرام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ان میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہوگی اور 30 فی صد سعودی شہری حج ادا کریں گے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق غیر سعودی عازمین حج کے لیے آن لائن درخواستوں کے اندراج کی آخری تاریخ گزر چکی ہے۔ ان کی رجسٹریشن کا عمل پیر 6 جولائی سے شروع ہوا تھا اور جمعہ 10 جولائی تک جاری رہا تھاجبکہ سعودی شہریوں کے انتخاب کا عمل ابھی شروع نہیں ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔