سی ڈی اے ادارے میں ای فائلنگ سسٹم کے ذریعے دفتری امور کو نمٹانے کے لیے بتدریج آگے بڑھ رہا ہے
فنانس ونگ اور لا ونگ تک ای فائلنگ کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا،فیصلہ
ای فائلنگ سسٹم کا بنیادی مقصد ادارے کے دفتری امور میں شفافیت اور کام کی رفتار کو تیز کرنا ہے
پیپر ورک کے پرانے نظام کی جگہ جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا کر ادارے کی پیشہ وارانہ کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے
اسلام آباد (ویب ڈیسک )سی ڈی اے ادارے میں ای فائلنگ سسٹم کے ذریعے دفتری امور کو نمٹانے کے لیے بتدریج آگے بڑھ رہا ہے اور سی ڈی اے کے ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ میں ای فائلنگ کے بعد سی ڈی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ادارے کی فنانس ونگ اور لا ونگ تک اس کا دائرہ کار وسیع کیا جائے۔ ادارے میں ای فائلنگ سسٹم کا بنیادی مقصد ادارے کے دفتری امور میں شفافیت اور کام کی رفتار کو تیز کرنا ہے تاکہ پیپر ورک کے پرانے نظام کی جگہ جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا کر ادارے کی پیشہ وارانہ کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کے لیے پر عزم ہے اور اس ضمن میں متعدد موئثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ دفتری نظام کو بہتر بنا کر عوام الناس کو زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں جس کے لیے سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے رواں سال اپریل میں ادارے کے دفتری امور کے لیے ای فائلنگ کے نظام کو اپنانے کا فیصلہ کیا تھا اور پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ہیومین ریسورس ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ میں روزمرہ کے دفتری امور کو ای فائلنگ سسٹم پر لایا گیا اب ان دونوں ڈائریکٹوریٹس میں ای فائلنگ سسٹم کے تحت روزمرہ کے دفتری امور کو کامیابی سے نمٹایا جا رہا ہے۔ اب سی ڈی اے انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ دوسرے مرحلے میں ادارے کی لا ونگ اور فنانس ونگ میں ای فائلنگ سسٹم شروع کیا جائے۔ توقع ہے کہ ان دونوں ونگز میں اگلے چند ماہ میں ای فائلنگ سسٹم پوری طرح فعال ہو جائے گا جس کے بعد اس سسٹم کو ادارے کے دیگر ڈائریکٹوریٹس میں فعال کیا جائے گا۔