سافٹ ویئر ماہوار بنیادوں پر سیلز ٹیکس گوشوارے اور درآمدات و برآمدات ی تفصیل چیک کرے گا
اسلام آباد(خصو صی رپورٹ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس کی چوری پکڑنے کے لئے ’’کریسنٹ‘‘ نامی سافٹ ویئر متعارف کرا دیا ہے جو ماہوار بنیادوں پر سیلز ٹیکس گوشوارے اور درآمدات و برآمدات ی تفصیل چیک کرے گا۔ بدھ کو ایف بی آر کے اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں سیلز ٹیکس کی چوری روکنے کیلئے سافٹ ویئر متعارف کرا دیا گیا ہے جس کے ذریعے رجسٹرڈ کمپنیوں و افراد کے ماہوار سیلز ٹیکس گوشواروں اور درآمدات و برآمدات کے ڈیٹا کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی جو کہ بائرز اور سپلائرز کی خریداریوں او رٹیکس ادائیگیوں کی ایڈجسٹمنٹ کرے گا۔ ایسی برآمدات کو چیک کرے گا جن کی کسٹم ٹیکس ڈیٹا میں تفصیل موجود نہیں ہو گی اور درآمدات میں ویلیو ایڈیسن کا پتہ بھی چلائے گا۔ مذکورہ سافٹ ویئر سسٹم کے حوالے سے تعارفی ورکشاپ قبل ازیں کراچی و لاہو رمیں منعقد کی گئی جبکہ تاحال یہ نظام ٹرائل بیس پرہے جس کے ذریعے ایک ہزار سیلز ٹیکس نادہندگان کو الیکٹرانک نوٹس بھجوائے گئے ہیں۔ کریسنٹ تیزی سے کام کرنے والا ایسا نظام ہے جس کے زریعے سیلز ٹیکس نادہندگان کو الیکٹرانک نوٹس بھجوائے جا سکتے ہیں اور انہیں ٹیکس دفاتر میں چکر نہیں لگانے پڑیں گے تاہم جو لوگ ٹیکس دفاتر میں جا کر اپنے جوابات داخل کرانا چاہیں گے انہیں اس بات کی اجازت ہو گی۔
2013-01-03