کراچی : مائیکروسافٹ پاکستان نے جناب عامر راؤ کو بطور کنٹری منیجر تقرر کر دیا گیا ہے۔ اس حیثیت میں وہ مائیکروسافٹ کے تمام امور کو چلانے کی ذمے داری نبھائیں گے اور پاکستان میں مائیکروسافٹ کی جدیدمصنوعات کو متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ مقامی آئی ٹی سیکٹر کے ساتھ پائیدارشراکت داری کو برقرار رکھتے ہوئے بہتر مستقبل کے لیے کوشاں رہیں گے۔
عامر راؤ ٹیلی کمیونی کیشنز کے میدان میں پاکستان، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ میں سیلز لیڈر شپ اور منیجمنٹ کے 13سال کے وسیع تجربے کے بعد مائیکروسافٹ سے وابستہ ہوئے ہیں۔وہ اس سے قبل پاکستان میں موٹرولا کے کنٹری منیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور پھر کمپنی کی مقامی ذمے داریاں سنبھالنے پر فائز ہوئے۔ وہ افریقہ میں نوکیا سیمنز نیٹ ورک کے بزنس ڈویلپمنٹ کے ہیڈ بھی رہ چکے ہیں۔ اس سے پہلے وہ ہواوی ٹیکنالوجیز میں پاکستان کے جنرل منیجر سیلز اور مارکیٹنگ کے طور پر کام کر رہے تھے۔ انھیں پاکستان میں کاروبار اور سیاسی و سماجی منظرنامے کے لحاظ سے کافی مہارت حاصل ہے۔
اس شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مائیکروسافٹ پاکستان کے کنٹری منیجر جناب عامر راؤ نے کہا، ’’مجھے مائیکروسافٹ سے وابستہ ہونے کی بے حد خوشی ہے اور میں کمپنی خصوصاًپاکستان کے خطے میں مزید استحکام لانے کے لیے پُرامید ہوں۔ میں اپنے کیرئیر کی اب تک کی کامیابیوں کواپنی پر عزم اقدار سے منسوب کرتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ مائیکروسافٹ کے ذریعے اس حیثیت میں مجھے لوگوں کے معیارِ زندگی میں تبدیلی لا کر اور انھیں ان کی صحیح صلاحیتوں کا احساس دلاکر پاکستان کی سیاسی و سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔‘‘
انھوں نے 1999ء میں G.I.K.انسٹیٹیوٹ آف انجینیئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ، پاکستان سے بزنس سائنس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی اور اس کے بعدلندن بزنس اسکول سے ایک ڈویلپمنٹ پروگرام مکمل کیا۔